سڑکوں کی توسیع و مرمت اور دیگر امور پر جائزہ اجلاس ، رکن اسمبلی کا خطاب
محبوب نگر /22 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر کو مسلسل ترقی دیتے ہوئے مہانگر میں تبدیل کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مستقر کے ریونیو میٹنگ ہال میں ضلع عہدیداروں کے ساتھ مختلف ترقیاتی کاموں پر جائزہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مستقر کے تمام ترقیاتی کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاست کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے دوران ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا بہتر موقع ہے ۔ عہدیدار اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ مستقر کے کام خصوصاً چوراستوں کی توسیع ، انڈر گراؤنڈ ڈرینج ، پائیوں کو بچھانے اور سڑک کی توسیع کے کام جلد مکمل کرلئے جائیں ۔ ریتو بازار اور شادی خانے کا کام 20 دن میں تکمیل کریں ، آر اینڈ بی بلدیہ اور پنچایت راج میں جاری کام بھی مکمل کرلیں ۔ بائی پاس سڑک کا کام بچا ہوا ہے مکمل کرکے ڈیوائڈر ، سنٹرل لائیٹنگ شجرکاری کر لی جائے ۔ 2 جون تک بہرصورت مکمل کریں ۔ ریاست کی یوم تاسیس تقاریب یہاں منعقد کی جائیں گی ۔ ویجیٹیبل مارکٹ ، کلا بھارتی ایم ایل اے کا دفتر کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی جائے ۔ بوئن پلی تا برلامری روڈ ، ہنواڑہ تا کوسگی روڈ بھی جلد مکمل کرلی جائے ۔ اپناپلی کے دوسرے برج کا کام بھی جلد شروع کیا جائے ۔ اپنا پلی تا ون ٹاون سڑک پر ڈیوائڈر ، سنٹرل لائیٹنگ کے کام میں سرعت پیدا کی جائے ۔ شہر کے اہم چوراہوں پر برقی ٹرانسفارمر دوسروںے مقام پر منتقل کئے جائیں ۔ اسی طرح زیر التواء کرسچن کمیونٹی ہال ، شاہ صاحب گٹہ اور عبدالقادر صاحب درگاہ کے کاموں پر بھی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں محبوب نگر ، جڑچرلہ ، بھوت پور پر مشتمل اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی تشکیل دی جائے گی اور محبوب نگر میگا سٹی ، مہا سٹی میں تبدیل ہوجائے گا ۔ محبوب نگر کا شمار حیدرآباد اور ورنگل کے بعد ترقی یافتہ شہر کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر سیتاراما راؤ ، میونسپل چیرمین نرسمہلو و دیگر موجود تھے ۔