لاک ڈاون کے دوران پولیس کی نمایاں کارکردگی : محمود علی

   

نامپلی لا اینڈ آرڈر و ٹریفک پولیس اسٹیشنوں کی عمارت کا افتتاح ۔ وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ جناب محمود علی نے آج کہا کہ تلنگانہ پولیس ملک میں اول نمبر پر ہے اور یہاں کی پولیس کی نمایاں کارکردگی کے نتیجہ میں جرائم پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ نامپلی لااینڈ آرڈر اور ٹریفک پولیس اسٹیشن عمارتوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد محکمہ پولیس کو اولین ترجیح دیتے ہوئے معقول بجٹ دیا گیا ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ 2014 سے قبل کوئی بھی شہری پولیس اسٹیشن میں شکایت کیلئے جانے میں پس و پیش کرتا تھا اور وہ کسی وکیل یا لیڈر کی مدد حاصل کیا کرتا تھا لیکن قیام تلنگانہ کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے عوام دوست پولیس رویہ اختیار کرنے احکامات جاری کئے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اب کوئی شہری بلا خوف پولیس اسٹیشن جاکر شکایت درج کراسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تمام سی سی ٹی وی کیمروں کے 70 فیصد کیمرے تلنگانہ میں نصب کئے گئے ہیں اور ان کیمروں کی مدد سے مجرمین کی شناخت میں آسانی ہوئی ہے اور کسی بھی واردات کو حل کرنے میں سی سی ٹی وی فوٹیج مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسی بھی واردات کو انجام دینے کیلئے پڑوسی ریاستوں کے مجرمین ہنوز خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد راہ فرار اختیار نہیں کرسکتے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ ریاست میں مزید 18 پولیس اسٹیشنوں کی نئی عمارتیں زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پولیس ملازمین نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر اپنے فرائض انجام دیئے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ نامپلی لاء اینڈ آرڈر پولیس اسٹیشن کی عمارت 4.18 کروڑ اور ٹریفک پولیس اسٹیشن کیلئے 1.09 کروڑ کی لاگت سے تیار کی گئی ہیں اور یہاں پر پولیس ملازمین و شہریان کیلئے تمام سہولتیں موجود ہیں۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی اور پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار بھی موجود تھے۔