قوم سے چوتھی مرتبہ خطاب
صرف نصیحتوں پر اکتفاء
کسی طرح کی راحت نہیں
20 اپریل کے بعد کچھ نرمی کے اشارے
نئی دہلی 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج اعلان کیا کہ ملک میں مزید 19 دن لاک ڈاون رہے گا ۔ وزیر اعظم نے آج قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 3 مئی تک ملک میں لاک ڈاون رہے گا تاہم اس میںایسے مقامات پر 20 اپریل کے بعد کچھ راحت دی جاسکتی ہے جہاںکورونا کے کیسیس کی تعداد کم ہوگی ۔ قوم سے 25 منٹ کے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوسرے مرحلہ کیلئے جامع رہنما خطوط کا چہارشنبہ کو اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی ترجیح زندگیوں کو بچانا اور یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں اور کسانوں کی مشکلات میں کمی کرنا ہے ۔ یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ لاک ڈاون کی بہت بھاری معاشی قیمت چکانی پڑ رہی ہے مودی نے تاہم واضح کیا کہ ہندوستان نے ایک بہتر راستہ اختیار کیا ہے اور اس وباء سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیشتر ریاستی حکومتیں اور ماہرین اور دوسرے ذمہ داروں نے بھی کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے لاک ڈاون میں توسیع کی سفارش کی تھی ۔ مرکز کے اعلان سے قبل ہی کم از کم آٹھ ریاستوں ٹاملناڈو ‘ اروناچل پردیش ‘ اوڈیشہ ‘ پنجاب ‘ مہاراشٹرا ‘تلنگانہ ‘ مغربی بنگال اور کرناٹک نے اپنی اپنی ریاستوں میں 30 اپریل تک توسیع کردی تھی ۔ مرکزی حکومت کے ذرائع نے واضح کیا کہ یہ لاک ڈاون 3 مئی تک جائیگا کیونکہ یکم مئی کو عام تعطیل ہے اور 2 اور 3 مئی کو ہفتہ اور اتوار ہے ۔ معاشی سرگرمیوں کے آغاز کے مطالبات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ 20 اپریل تک لاک ڈاون پر سختی سے عمل ہوگا اور پھر تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد کورونا کیسیس کی تعداد کے مطابق کچھ راحتیں دینے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں عوام کو کچھ نصیحتیں کیں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی تاہم جس طرح توقعات کی جا رہی تھیں انہوں نے لاک ڈاون سے متاثر ہونے والے طبقات کیلئے کسی طرح کی راحت یا امدادی و معاشی پیاکیج کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔ کسی معاشی مدد کا کوئی اشارہ بھی نہیں دیا گیا ہے ۔