لاک ڈاؤن سے محکمہ سیاحت آمدنی سے قاصر

   

حالات کی بحالی پر بھی سیاحوں کی آمد اور آمدنی بڑھنے کے امکانات موہوم
حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد سے سیاحت کے ذریعہ ہونے والی آمدنی صفر ہوچکی ہے اور کہاجا رہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک محکمہ سیاحت کی آمدنی میں کوئی بحالی کے امکان نہیں ہیں کیونکہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست بھر میں موجود سیاحتی مقامات کے بند ہونے کے علاوہ بیرونی سیاحوں کی آمد مکمل طور پر نہ کے برابر ہے اسی لئے جب تک حالات معمول پر نہیں آتے اس وقت تک محکمہ سیاحت کی آمدنی کا آغاز ہونے کا امکان نہیں ہے۔ ریاست تلنگانہ میں موجود سیاحتی مقامات سے جو آمدنی ہوا کرتی تھی اس کے ذریعہ سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جاتا تھا اور سیاحتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا تی تھی لیکن لاک ڈاؤن کے بعد سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہیں اور تلنگانہ کے محکمہ سیاحت کی جانب سے ریاست میں موجود سیاحتی مقامات اور محکمہ سیاحت کی جانب سے چلائی جانے والی ہوٹلوں کی تزئین کے کاموں کو شروع کیا گیا ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے خاتمہ اور سیاحوں کی آمد کے ساتھ ہی انہیں بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کے سلسلہ تیار کئے جانے والے منصوبہ میں محکمہ سیاحت کو بھی کافی اہمیت دی جارہی ہے تاکہ کورونا وائرس کے بعد جب حالات معمول پر آئیں تو ریاست میں سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے سیاحوں کو تلنگانہ کی جانب راغب کروایا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایات دی ہیں کہ وہ سیاحتی مقامات کے فروغ کے سلسلہ میں تجاویز تیار کریں تاکہ حالات کے معمول پر آنے سے قبل سیاحوں کو راغب کرنے کی حکمت عملی مکمل طور پر تیار کی جاسکے ۔