شوہر بیمار، بچوں کیلئے دودھ ملنا بھی مشکل ، پولیس نے بروقت مدد کی
حیدرآباد 28 اپریل (پی ٹی آئی) شہر کے مضافاتی علاقہ میں آج ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں کوویڈ ۔ 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے نافذ لاک ڈاؤن سے پریشان خاتون نے مالی مسائل اور دیگر پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے خاندان کے 4 ارکان کی بروقت مدد نہ کرنے پر خودکشی کی دھمکی دی۔ پولیس نے بروقت اُس کے گھر پہونچ کر ضروری اناج، دیگر غذائی اشیاء اور مالی امداد پہنچائی۔ خاتون کی یہ دھمکی سوشل میڈیا پر اچانک وائرل ہوگئی تھی جب اُس نے ٹی آر ایس کے کارگذار صدر اور ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے نام اپنے مسیج میں کہا تھا کہ اُس کا خاندان مالی پریشانیوں سے دوچار ہے اور وہ اپنے کمسن بچوں کے لئے دودھ حاصل کرنے کے موقف میں بھی نہیں ہے۔ شوہر کی صحت بھی ٹھیک نہیں ہے اور وہ خود بھی بیمار ہے۔ اِس خاتون نے شکایت کی کہ ’’کوئی بھی ہماری مالی مدد کے لئے آگے نہیں آیا ہے چنانچہ ہم نے خودکشی کا فیصلہ کرلیا ہے‘‘۔ اِس خاتون نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’صاحب! کئی افراد کے پاس بے شمار دولت ہے لیکن اِس کا کیا فائدہ جب وہ ضرورت مند افراد کی مدد کے لئے استعمال نہ کی جائے۔ آپ براہ مہربانی میرے چھوٹے بچوں اور ہمارے خاندان کی مدد کیجئے۔ آپ کی چھوٹی سی مدد بھی ہمارے لئے بہت بڑی مدد ثابت ہوگی‘‘۔ جس کے فوری بعد دنڈیگل پولیس ٹیم اُس کے گھر پہونچ گئی اور اُس کی مدد کی۔