نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد حکومت کی جانب سے کئے گئے 21 روزہ لاک ڈاؤن سے ملک کی فضاء میں بہتری پیدا ہورہی ہے۔ آلودگی کم ہونے کے علاوہ آکسیجن کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان کے 91 شہروں کی ایئر کوالیٹی کا جائزہ لیا گیا جس میں پتہ چلا کہ 29 مارچ کو ہندوستان کی ہوا میں اطمینان بخش تبدیلی دیکھی گئی جو صحت عامہ کے لئے ایک بہترین معیار رکھتی ہے۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ نے رپورٹ دی ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں سفری پابندیاں عائد کی گئیں اور صنعتوں کو بند کردیا گیا۔ اِس سے آلودگی کی سطح کم ہوگئی۔ فضائی آلودگی کی اصل وجہ ٹرانسپورٹ، صنعتیں، پاور پلانٹس، تعمیری سرگرمیاں، فضلاء کو جلانے سے اُٹھنے والے دھوئیں، سڑک پر پھیلی گرد اور رہائشی سرگرمیاں تھیں۔ اب ان تمام سرگرمیوں میں یکلخت کمی آگئی ہے اِس لئے ہوا کا معیار بھی بلند ہونے لگا۔ آکسیجن کی سطح بڑھنے لگی اور ہوا میں کیمیائی مادے کم ہونے لگے۔ دارالحکومت دہلی کو فضائی آلودگی کا سنگین خطرہ تھا لیکن یہاں پر گزشتہ ایک ہفتہ سے فضاء بالکل صاف دکھائی دے رہی ہے اور دہلی والوں کو پہلی مرتبہ آسمان شفاف طریقہ سے دکھائی دے رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 21 مارچ جنتا کرفیو سے قبل 51 شہروں کی فضائی آلودگی کا ریکارڈ خراب تھا بعدازاں یہ ریکارڈ اطمینان بخش اور اچھا رہا۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ نے مزید بتایا کہ NOX کی سطح میں بھی غیرمعمولی کمی آگئی ہے۔ خاص کر نوئیڈا، غازی آباد، گرگرام اور فریدآباد میں ایئر کوالیٹی بہتر ہوئی ہے۔