لاک ڈاؤن میں رامائن اور مہابھارت سے بچوں کی آنکھیں زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔15 مئی (سیاست نیوز) کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے لیکن اس دوران چھوٹے بچوں کی نگہداشت والدین کیلئے جوئے شیر لانے سے کم نہیں ہے کیونکہ وہ گھر میں خود کو زخمی کرنے کے علاوہ دیگر مسائل بھی پیدا کررہے ہیں ،اس کے باوجود پچھلے ایک ماہ میں بچوں میں آنکھوں کو زخمی کرنے کے واقعات کی تعداد میں اضافہ تشویش کا باعث بنا ہے۔آنکھوں سے متعلق ماہر ڈاکٹر ترجنی دیو نے کہا ہے کہ ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ میں زخمی ہونے کے معاملات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جن میں سے ایک تہائی بچے شامل ہیں۔اس لاک ڈاؤن کی مدت جو بچوں کو کافی وقت فراہم کررہا ہے اور چونکہ وبائی بیماری کے پیش نظر گھرسے باہرکھیلنا سختی سے ممنوع ہے لہذا بچوں کو ٹیلی ویژن سے چپکانا پڑرہا ہے یا پھر وہ گھر میں محدود جگہوں میں کھلونوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔رامائن اور مہابھارت جیسے مشہور ٹی وی سیریز کا دوبارہ نشر کیا جانا بچوں اوربڑوں کے لئے نادانستہ طور پر آنکھوں کے زخمی کرنے کی وجہ بن گیا ہے۔ بچے مہاکاوی کرداروں کے رول پلے کرنے کیلئے تیرکمان اور دیگر ہتھیاروں کے نمونوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ کھیلتے وقت بستر سے گرنے اور تیز دھار سے مارنا ایک عام عمل بن گیا ہے اور اس کھیل کے دوران وہ خود کو زخمی کررہے ہیں جس میں آنکھوں کا زخمی ہونا بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر نے کہا ہم نے حالیہ لاک ڈاؤن کے دوران زخمی ہونے کے معاملے جتنے دیکھیں ہیں اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔آنکھوں کے زخمی ہونے اور ان میں مسائل پیدا ہونے کے ایل وی پی ای آئی میں معاملات میں اضافہ ہوا اور دور دراز کے اضلاع کے بچوں کو بھی ایل وی پی ای آئی لایا گیا کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقامی آنکھوں کے کلینک میں علاج بندکردیئے گئے ہیں۔