لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کی درخواست

   

مرکز کو حکومت آسام کا مکتوب، چیف منسٹر سونووال کا بیان
گوہاٹی 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسام کے چیف منسٹر سدبانندا سونووال نے جمعہ کو کہاکہ ان کی ریاست نے رواں لاک ڈاؤن میں 18 مئی سے مزید دو ہفتوں کے لئے مزید دو ہفتوں کی توسیع دینے کے لئے مرکز کو مکتوب روانہ کررہی ہے۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ملک میں 25 مارچ سے نافذ لاک ڈاؤن کا تیسرا مرحلہ جاری ہے جو 17 مئی کو ختم ہوگا۔ سونووال نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام ریاستیں اس لاک ڈاؤن میں توسیع کے لئے جمعہ تک اپنی رپورٹ روانہ کررہی ہیں اور حکومت آسام اپنے موقف سے مرکز کو پہلے ہی واقف کرواچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز سے ہم درخواست کرتے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کی جائے۔ اس مسئلہ پر ہم پہلے ہی اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرچکے ہیں‘۔ سونووال نے کہاکہ چوتھے مرحلہ کے دوران لاک ڈاؤن میں نرمی کیلئے بھی ہم اپنی تجاویز پیش کرچکے ہیں۔ حکومت ہند اس نظریہ کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکومت ہند کو ہی اپنا نظریہ ظاہر کرنے دیجئے، مَیں مزید کچھ کہنا نہیں چاہتا‘۔