لاک ڈاؤن میں نرمی میں اضافہ سے عوام کو سہولت، بازاروں میں ہجوم

   

گھر واپسی کیلئے 2 بجے تک رعایت، آخری لمحات میں سڑکوں پر زبردست ٹریفک، تلاشی مہم میں شدت
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے تحدیدات میں نرمی کے ساتھ 9 جون تک نافذ کردہ لاک ڈاؤن کا آج پہلا دن تھا۔ صبح 6 تا ایک بجے دن نرمی دی گئی تھی جبکہ ایک گھنٹہ یعنی 2 بجے تک دفاتر اور دوکانات سے مکانات واپسی کیلئے چھوٹ دی گئی۔ دوپہر 2 بجے سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کا آغاز ہوا۔ نئی رعایتوں کے ساتھ لاک ڈاؤن کا آج پہلا دن تھا۔ بازاروں میں صبح کی اولین ساعتوں کے بجائے 8 بجائے کے بعد سے سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ جبکہ 6 تا 10 بجے کی نرمی کے دوران تجارتی سرگرمیاں صبح 6بجے سے شروع ہورہی تھیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں اضافہ سے عوام نے راحت کی سانس لی کیوں کہ اُنھیں علی الصبح گھر سے نکلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نرمی کے اوقات میں پولیس نے دوکانات اور مارکٹس میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے اچانک معائنے کئے۔ کئی دوکانداروں کو ماسک کے عدم استعمال پر چالان کیا گیا۔ شہر میں پولیس اور خاص طور پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تصویر کشی کے ذریعہ چالانات کی مہم جاری ہے۔ نرمی کے اوقات میں اضافہ کے باوجود خرید و فروخت کے رجحان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ دوکانات بند ہونے کے عین قبل ہجوم دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں سڑکوں پر ٹریفک تھی اور پرانے و نئے شہر کے علاقوں میں ٹریفک جام رہی۔ ایک بجے دوکانات کو بند کرانے پولیس کی گاڑیاں سائرن کے ساتھ سڑکوں پر آگئیں جبکہ 2 بجے تک سڑکوں سے گزرنے والوں کو نہیں روکا گیا۔ 2 بجتے ہی تمام چیک پوائنٹس پر پولیس کے اضافی دستے تعینات کردیئے گئے جو تلاشی مہم میں مصروف ہوگئے۔ گزرنے والی ہر گاڑی سے دستاویزات طلب کئے جارہے تھے۔ کئی علاقوں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے آٹوز اور ٹو وہیلر گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے نئے اوقات کے پہلے دن شہر کے مصروف ترین علاقوں میں ٹریفک پولیس کو گاڑیوں کی آمد و رفت بہتر بنانے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ کئی مقامات پر دوپہر دیڑھ بجے تک سڑکوں پر بھاری ٹریفک خدمات دیکھی گئی۔ آر ٹی سی بس سرویس کے نتیجہ میں سڑکوں پر ٹریفک کے بہ آسانی گزرنے میں دشواری ہوئی کیونکہ ایک بجے سے آر ٹی سی بسیں اپنے متعلقہ ڈپو واپس ہونے لگی۔ حکومت کی نئی تحدیدات 9 جون کی صبح تک نافذ رہیں گی۔