ہزاروں ضرورت مندوں میں راشن کٹس کی تقسیم، ادویات اور دودھ کی بھی فراہمی
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) کورونا وائرس نے ہندوستان کی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے اور لاک ڈاؤن نے تو غریبوں کو دانے دانے کے لئے ترسنے پر مجبور کردیا۔ کوئی غذائی اجناس کے لئے پریشان تھا تو کسی گھر میں بیمار پڑے بزرگوں اور بچوں کے لئے ادویات نہیں تھیں ایسے میں ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں کچھ خوش نصیب نوجوانوں نے ضرورت مندوں کی مدد کا بیڑہ اُٹھایا۔ ان کے گھروں تک غذائی اجناس پہنچائیں، پکوان کرکے کھانے کے پیاکٹس تقسیم کئے یہاں تک کہ بیماروں کے لئے ادویات کا انتظام کیا ساتھ ہی مرنے والوں کی تجہیز و تکفین کے انتظامات کئے۔ ایسے ہی خوش نصیب نوجوانوں میں سٹی کانگریس کے حرکیاتی لیڈر اور نائب صدر عثمان محمد خان بھی شامل ہیں۔ خیر محمد خان اور نجمہ خاتون کے اس نور نظر نے ریاکاری سے بچتے ہوئے نامپلی، ملے پلی، وجئے نگر کالونی کے بشمول حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں کے ضرورت مند خاندانوں میں 6 ہزار گھروں کو نہ صرف راشن کٹس فراہم کئے بلکہ رمضان کٹس کی بھی تقسیم عمل میں لائی۔ عثمان محمد خان نے اس سلسلہ میں کسی سے کوئی مدد حاصل نہیں کی بلکہ جو دوست احباب، عزیز و اقارب اس کارخیر میں جڑے ہیں ان کا خیرمقدم کیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران عثمان محمد خان نے کھانے کے 50 ہزار کٹس بھی فراہم کئے اور اس کے لئے فٹ پاتھس پر بسیرا کرنے والوں اور نقل مکانی کرنے والوں کو ترجیح دی۔ اُنھوں نے چھوٹے بچوں کے لئے دودھ، پیمپرس اور ادویات فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ دوسری جانب پولیس والوں میں پانی، ناریل پانی کی تقسیم عمل میں لائی۔ عثمان محمد خان نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں ایک غیر مسلم تاجر کو اطلاع دینے پر اُنھوں نے مسلم شخص کی تجہیز و تکفین کے انتظامات کئے۔ ایک سوال کے جواب میں عثمان محمد خان کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے مستحقین تک امداد پہنچائی اور جن مقامات تک نہیں پہنچ پائے وہاں ضرورت مندوں تک رقم گوگل پے کے ذریعہ پہنچائی۔ واضح رہے کہ عثمان محمد خان، اپنے دور کی مشہور شخصیت دوست محمد خان کے پوتے ہیں۔ خدمت خلق کا جذبہ انھیں ورثہ میں ملا ہے جس کے لئے وہ بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔