لاک ڈاؤن پر عمل کرانے گئی پولیس کی پٹائی

   

مظفر نگر۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے روک تھام کے لئے نافذ کیا گیا لاک ڈاؤن اب کئی نئے طرح کے مسائل کو جنم دے رہا ہے۔ متعدد شہروں سے پولیس کی طرف سے عام لوگوں کو زدو کوب کیے جانے کی خبریں خوب منظر عام پر آئیں، لیکن مظفر نگر سے پولیس والوں کو زد و کوب کر کے زخمی کیے جانے کی اطلاع ہے۔ یہاں کے بھوپا تھانہ علاقے کے گاؤں مورنا میں چہارشنبہ کے روز لاک ڈاؤن کے دوران گھر کے باہر جمع لوگوں کو ہٹانے کے لئے گئی پولیس کی ٹیم پر حملہ کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں ایک داروغہ (سب انسپیکٹر) اور دو سپاہی (کانسٹیبل) شدید زخمی ہوئے ہیں۔داروغہ لیکھ راج سنگھ کی حالت تو اتنی خراب ہے کہ انہیں میرٹھ کے لئے ریفر کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے سر پر لوہے کی راڈ سے حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ چھتوں پر سے ان پر پتھراؤ کیا گیا۔ واردات کے بعد ملزمان کیو پکڑنے کی کوشش جا رہی ہے۔یہ واقعہ مورنا گاؤں میں واقع ہریجن بستی میں پیش آیا۔