نئی دہلی ؍ حیدرآباد 7 اپریل (این ایس ایس) نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے اِس بات پر زور دیا ہے کہ معاشی استحکام کے مقابلہ عوامی صحت کو ترجیح دی جائے۔ ایک ایسے وقت جب کورونا وائرس کے بحران سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے نافذ تین ہفتوں کا ملک گیر لاک ڈاؤن 14 اپریل کو ختم ہونے والا ہے اور ملک کی قیادت اِس صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ اُنھوں نے لاک ڈاؤن کے آج دو ہفتوں کی تکمیل پر اپنے جائزہ کی بنیاد پر اِس نظریہ کا اظہار کیاکہ 25 مارچ سے نافذ ملک گیر پابندیوں کو برخاست کرنے کے فیصلہ میں آئندہ ہفتہ کو کلیدی اہمیت حاصل رہے گی کیوں کہ اِس ہفتہ میں رونما ہونے والے تمام حالات آئندہ فیصلے کا تعین کریں گے۔ لاک ڈاؤن کی برخاستگی کے ضمن میں وزیراعظم اور چیف منسٹروں کے مابین مشاورتوں کا حوالہ دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے عوام پر زور دیا کہ وہ اگر 14اپریل کے بعد بھی اگر کچھ دشواریاں رہتی ہیں تو بالکل اُسی انداز میں تعاون کریں جس طرح موجودہ جذبہ کے تحت کیا جارہا ہے۔
