لاک ڈاؤن کی صورتحال سے نمٹنے حکومت سے منصوبہ کی توقع

,

   

غریب عوام اور مزدوروں کی ہرممکنہ مدد وقت کا تقاضہ، صدر کانگریس سونیا گاندھی کا بیان
نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے توقع ظاہر کی کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد حکومت کی جانب سے ہنگامی منصوبہ بنایا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کے دوران جو صورتحال سامنے آئی ہے اُس کو مدنظر رکھ کر حکومت جامع منصوبہ بناسکتی ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہاکہ کوویڈ ۔ 19 وباء کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کانگریس نے عوام کے لئے راحت کے کئی کام انجام دینے شروع کئے ہیں۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کانگریس کے تمام ریاستی یونٹ صدور سے بات چیت کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ یہ ملک کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہا ہے اور کانگریس پارٹی اپنا رول ادا کرنے تیار ہے۔ کانگریس کے تمام ارکان، ورکرس ملکر اِس مشکل گھڑی میں ملک کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے باعث غریب مزدور اپنے آبائی وطن، مواضعات کو چلے گئے ہیں اور ہمارے ورکرس اُن تک پہونچ کر ہرممکنہ مدد کررہے ہیں۔ آج بھی ملک بھر میں کانگریس ورکرس ہر ضلع میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی اور اُنھوں نے خود بھی حکومت کو مکتوب لکھا ہے اور کوویڈ کے خلاف جنگ کے لئے حکومت کو تجاویز پیش کی ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ حکومت اُبھرتے چیالنجس سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بنائے گی۔