لاک ڈاؤن کے باعث شہر کی فضائی آلودگی میں کمی

   

صاف و شفاف ہوا میسر، ہوا کا معیار اطمینان بخش، ایئر کوالیٹی انڈکس میں انکشاف

حیدرآباد : ریاست میں لاک ڈاؤن کے دوران شہر حیدرآباد کی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں فضائی آلودگی بڑی حد تک کم ہونے کے سبب سانس لینے میں ہونے والی دشواریوں میں کمی کے علاوہ شفاف ہوا شہریوں کو میسر آنے لگی ہے۔ ہوا کے معیار کے انڈیکس میں بتایا گیا ہے کہ ماہ اپریل کے بعد سے ماہ مئی اور جون کے دوران ہوا کے معیار میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے اور کئی علاقو ںمیں ہواء کے معیار کو قابل اطمینان قرار دیا گیا ہے۔ عام دنوں میں جن علاقو ںمیں فضائی آلودگی ریکارڈ کی جاتی تھی ان علاقو ںمیں نصف سے زیادہ بہتری ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ائیر کوالیٹی انڈیکس میں ریکارڈ کی جانے والی یہ تبدیلی لاک ڈاؤن کے سبب شہر کی ٹریفک میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کی وجہ سے آئی ہے۔ مادھاپور‘ چارمینار‘ لنگر حوض‘ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ‘ چادر گھاٹ ‘ ناچارم کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں کو ائیر کوالیٹی انڈیکس میں اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز ‘ دلسکھ نگر‘ امیر پیٹ ‘ سوماجی گوڑہ ‘ آرسی آئی کے اطراف و اکناف کے علاقوں کو انڈیکس میں بہترین ہوا والے قرار دیا گیا ہے ۔ بالانگر کے علاوہ دیگر صنعتی علاقوں جیڈی میٹلہ وغیرہ میں اب بھی ہوا کے معیار کو آلودہ قرار دیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ صنعتی آلودگی کے سبب فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ نہیں کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ٹریفک نہ ہونے کی وجہ سے آلودگی میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔