لاک ڈاؤن کے باوجود حقہ ، پان سگریٹ کا کاروبار جاری

   

حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے سبب شہر میں جاری لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باوجود شہر کے کئی علاقوں میں پان کے ڈبے اور حقہ میں استعمال کئے جانے والے اشیاء کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور اس پر روک لگانے کی کوششیں اب تک بھی ناکام تصور کی جا رہی ہیں کیونکہ پان کے ڈبے گھروں سے چلائے جانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور حقوں کا سامان بھی گھروں سے ہی فروخت کیا جانے لگا ہے۔پرانے شہر کے کئی علاقو ںمیں پان ‘ گٹکھا سگریٹ اور تمباکو کی اشیاء کی فروخت کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں پولیس کی جانب سے سختی کے باوجود کئی گھروں میں یہ کاروبار جاری رکھا جا رہاہے جبکہ ان کا یہ کاروبار گھروں یا کسی اور جگہ سے بھی جاری رکھنا ان کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ کورونا وائر س ایسا مرض ہے جو کوئی بھی اس کے پاس چھوڑ کر جاسکتا ہے اور کوئی بھی اس کے پاس آنے والا اس کا شکار ہوسکتا ہے ۔کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو بھی اس بات کا علم نہیں ہوتا کہ وہ کورونا سے متاثر ہے اور اس مرض کا شکار ہونے والے کو بھی اس بات کا احساس نہیں ہوتا کہ اس مرض سے متاثر ہونے جار ہاہے اسی لئے اس طرح کی پان کی دکانات بظاہر کچھ مالی فائدہ کا سبب بن سکتی ہے ۔