نئی دہلی۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ایشانت شرما کا خیال ہے کہ کورونا کے بعد کے وقت میں چیزیں بدلیں گی اور کھلاڑیوں کو حالات سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپٹلس کے بولر ایشانت نے اپنی ٹیم کے انسٹاگرام لائیو سیشن میں کورونا کے بعد کرکٹ میں ممکنہ تبدیلیوں پر کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ کرکٹ میں کچھ تبدیلی کی بات چل رہی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑی نئے قوانین میں خود کو ڈھال لیں گے۔گیند کو چمکانے کے متعلق ایشانت نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ گیند کو چمکانے کے لئے آپ اس چیز کا استعمال نہیں کر پائیں جیسا کہ آپ چاہتے ہیں، چاہے وہ تھوک ہو یا کچھ اور مادہ۔ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔میں ایمانداری سے کہوں تو میں ان سب باتوں کے بارے میں نہیں سوچتا۔میرے لئے موجودہ وقت میں رہنا زیادہ ضروری ہے۔شرما نے قبول کیا کہ وہ لاک ڈاون کے دوران پریشان ہو گئے لیکن انہوں نے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے اپنے پروگرام کو منظم کیا۔انہوں نے کہا کہ میں صبح پانچ بجے اٹھتا ہوں اور دوڑتا ہوں اور اپنے جسم کو فٹ رکھنے کے لئے فٹنس پر خصوصی توجہ دیتا ہوں۔ایشانت نے کہا کہ میرے خیال سے سب سے اعلی سطح کی کارکردگی انجام دینے کے لئے آپ کو نظم و ضبط پر رہنا چاہئے اور میرے مطابق یہ سب سے بہتر ہے۔