تین کلومیٹرس سے زائد آمد و رفت کرنے والوں کی اطلاعات کا حصول ، سجنار کمشنر پولیس سائبر آباد کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری مکانات سے باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ سڑکوں پر غیر ضروری گھومنے اور ضروریات کا بہانہ بنانے والوں کی اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں اور تین کیلو میٹر سے زائد حلقہ کو عبور کرنے والے قانونی شکنجہ میں آئیں گے ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں چیوِڑلہ سب ڈیویژن کا دودہ کیا اور لاک ڈاؤن انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کمشنر پولیس نے عملہ سے بات کر کے انہیں صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر پولیس نے اعلیٰ عہدیداروں سے پولیس عملہ کو فراہم کی جارہی ادویات بالخصوص وٹامن سی کے استعمال کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور کہا کہ پولیس ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنے جسم کے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور وقت پر غذا اور آرام کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ملازمین کی صحت کے مد نظر 8 گھنٹے کی تین شفٹ مقرر کی گئی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی عمل آوری میں پولیس سے مکمل تعاون کریں ۔ سماجی دوری کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے لحاظ سے مکانات سے باہر نکلنے والے شہریوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ تاحال سائبر آباد پولیس کی جانب سے 7 ہزار گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے اور تین لاکھ سے زائد ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان خلاف ورزی کے سبب 2 سال کی سزا اور بھاری جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے اور ملازمتوں کے علاوہ حصول پاسپورٹ میں بھی دشواریاں پیدا ہوں گی ۔ انہوں نے معین آباد کے علاقوں میں مختلف چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر سائبر آباد پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔۔