مظفر نگر 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع مظفر نگر کے موضع ککرولی میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے کی ترغیب دینے والے ایک 30 سالہ شخص کو اُن افراد کے ایک گروپ نے گولی مار کر زخمی کردیا جو ان علاقوں میں آزادانہ گھوم رہے تھے۔ زخمی شخص کی شناخت جاوید کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کو علاج کے لئے دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر وجئے بھا بہادر سنگھ نے کہاکہ پولیس نے چھ حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جو تمام مفرور ہیں۔ شکایت کے مطابق جاوید اور اس کے بھائی دلشاد نے سڑک پر گھومنے والوں کو لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے اور گھروں میں داخل ہونے کی ترغیب دی تھی جس پر اس گروپ نے ان دونوں کو زدوکوب کیا اور ایک شخص نے فائرنگ کردی۔