لاگوس ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کا سب سے بڑا شہر سمجھا جانے والا لاگوس میں عہدیداروں نے بتایا کہ گیس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے جہاں مقام حادثہ سے ملبہ میں دبی ہوئی نعشوں کو نکالا جارہا ہے۔ دھماکہ ایک تیل پائپ لائن کے قریب ہوا جس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ آس پاس میں واقع عمارتوں، ٹھری ہوئی لاریوں اور کاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ اب تک ملبہ سے 17 نعشوں کو نکالا جاچکا ہے اور دیگر 25 زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ لاگوس حکومت نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ اطلاع دی۔ اتوار کے روز ہلاکتوں کی تعداد 15 بتائی گئی تھی۔ اب تک اس دھماکہ کی وجہ معلوم نہیں ہوئی ہے جس سے سینکڑوں افراد کو بے گھر کردیا ہے۔ حکام نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔