لاہور۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاہور میں قائم بائیو مکینیکل لیب کو باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب پاکستان میں بھی مشتبہ ایکشن کے حامل بولروں کے ٹسٹ ہو سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان میں قائم اس لیب کو منظوری دے دی ہے جس کے بعد اس میں کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن میں تکنیکی خامیاں دورکرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔یہ لیب لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لَمز) میں قائم ہے جس کے ساتھ ہی وہ عالمی سطح پر مشتبہ بولنگ ایکشن کے ٹسٹ کا پانچواں مرکز بن گیا ہے۔ اس سے قبل نیشنل کرکٹ سنٹر برسبین، لف برا یونیورسٹی، چینائی میں شری راما چندرا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پریٹوریا وہ مراکز ہیں جہاں مشتبہ اور غیرقانونی ایکشن کے حامل کھلاڑیوںکا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس لیب کا بنیادی مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں رپورٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن کو درست کرنا ہے اور اس لیب کی بدولت پی سی بی کو کھلاڑیوں کا بائیو مکینیکل جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔