لاہور چھوڑدیں یا محفوظ مقامات پر چلے جائیں

   

ہند ۔پاک کشیدگی کے پیش نظر امریکہ کا اپنے شہریوں کو مشورہ
نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان میںکشیدگی کے درمیان ہندوستان نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کے لاہور میں ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد امریکہ نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو یا تو لاہور چھوڑنے یا محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت پاکستان میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور لاہور میں صبح سے ہی افراتفری کا ماحول ہے۔ اسی دوران لاہور میں موجود امریکی قونصل خانے نے بیان جاری کیا ہے کہ انہیں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ لاہور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ڈرون دھماکے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر قونصل خانے کے تمام عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ لاہور ایئرپورٹ کے قریب کے کچھ علاقوں کو خالی کرایا جا سکتا ہے۔ ایسے تمام امریکی شہری جو خود کو متاثرہ علاقوں کے قریب محسوس کر رہے ہیں، انہیں یا تو ملک چھوڑنے یا محفوظ مقامات پر جانیکا مشورہ دیا گیا ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سے کل رات دیر گئے ایک ناکام کوشش کی گئی تھی جس میں اس نے ہندوستان کے 15 فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن ہندوستان کے S400 دفاعی نظام کے سامنے اس کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔