لا اینڈ آر ڈر پر سوال ‘ بنگال کی امیج متاثر کرنے کی کوشش : ممتابنرجی

   

کولکتہ : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا کہ مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عملہ پر حملہ کے پس منظر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوال کرنے والے در اصل ریاست کو بدنام کر رہے ہیں۔ ممتابنرجی نے واضح کیا کہ کولکتہ کو نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق کئی برسوں تک ملک کا سب سے محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے اسٹوڈنٹس ویک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ان پر تنقید کرتا ہے تو انہیں اس کی پرواہ نہیں ہے تاہم اگر کوئی ریاست کو بدنام کرتا ہے تو وہ احتجاج کریں گی ۔ جو لوگ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوال کر رہے ہیں وہ در اصل ریاست کو بدنام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کل ہی بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش نے ای ڈی ٹیم پر حملہ کے پیش نظر کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگال کی صورتحال منی پور سے ابتر ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا تھا کہ مغربی بنگال میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور جو حالات ہیں وہ منی پور سے بھی ابتر ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو بنگال میں شمالی 24 پرگنہ ضلع میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی ایک ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جب یہ ٹیم ٹی ایم سی لیڈر شاہجہاں شیخ کے گھر تلاشی لینے آئی تھی ۔ راشن اسکام میں یہ تلاشی لی جا رہی تھی اور الزام ہے کہ شاہجہاں شیخ کے کئی حامیوں نے ای ڈی ٹیم پر حملہ کیا تھا جس میں ای ڈی کے تین عہدیدار زخمی ہوئے تھے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہونچنے کی اطلاع ہے ۔