حیدرآباد /24 اپریل ( سیاست نیوز ) لاک ڈاؤن کے دوران برقی بلز کی وصولی کے خلاف درخواست کو سپریم کورٹ نے قبول کرلیا ہے ۔ شہر کے ایک وکیل نے مفاد عامہ کے تحت چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کرکے کہا تھا کہ تلنگانہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ برقی بلز کی وصولی کیلئے گذشتہ سال کے مارچ ، اپریل اور مئی کے بلز جاریہ سال کے بلز کے طور پر وصول کئے جائیں ۔ محکمہ برقی سے سارقین کو بذریعہ ایس ایم ایس بلز روانہ کردئے ہیں اور بلز کی عدم ادائیگی پر برقی کٹوتی کا انتباہ بھی دیا گیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے چیرمین ٹی سری رنگا راؤ نے 2019 کے بلز 2020 میں وصول کرنے احکامات جاری کئے ۔ اس کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر عوام بالخصوص غریب افراد یہ بلز ادا نہیں کرسکتے اور حکومت کا یہ اقدام الیکٹرسٹی ایکٹ 2003 کے خلاف ہے ۔