بیروت : لبنان کے نیوز چینل ایم ٹی وی کے لیے کام کرنے والی صحافی نبیلہ عواد نے وزیر ثقافت محمد مرتضیٰ سے ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق نبیلہ عواد وزیر ثقافت کے سیاسی موقف اور وزارت میں ان کے کئی فیصلوں پر اعتراض کرتی ہیں۔لبنان کے النھار اخبار نے جمعرات کو رپورٹ کیا ہے کہ ملکی چینل اور میڈیا کے شعبے میں نبیلہ عواد کے نمایاں کارکردگی کے پیش نظر انہیں ارض الموبدعین ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ کی پیشکش کی گئی تھی۔لبنان کی وزارت ثقافت کے تعاون سے ہر سال ارض الموبدعین تنظیم بیروت کے یونیسکو پیلس میں تقریب منعقد کر کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزاز دیتی ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ جب نبیلہ عواد کو معلوم ہوا کہ انہیں وزیر ثقافت محمد مرتضیٰ سے اپنا ایوارڈ وصول کرنا ہو گا تو انہوں نے اس سے انکار کر دیا۔نبیلہ نے انھار اخبار کو بتایا کہ انہوں نے وزیر ثقافت کے بہت سے فیصلوں کی مخالفت کی ہے اور میری رائے میں ان کی وجہ سے لبنان کی ثقافتی صنعت کو نقصان پہنچا ہے۔
