بغداد ، 2 جون ( اے ایف پی) ۔ لبنانی صدر جوزف عون نے عراق کے دورے کے دوران عراقی صدر عبداللطیف راشد اور وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے باہمی تعلقات اور تعاون پرگفتگو کی۔ صدر عون نے وزیر اعظم السودانی سے ملاقات میں عرب ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کے لیے ایک عرب باہمی مفادات کے نظام کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔ بغداد میں صدارتی محل میں صدر راشد سے علیحدہ ملاقات کے دوران، عون نے حالیہ اسرائیل۔ حزب اللہ جنگ (ستمبر 2024) کے دوران لبنانی عوام کے لیے عراق کی امداد اور ایندھن کی فراہمی جیسے اقدامات پر عراق کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان اور عراق کو دہشت گردی جیسے مشترکہ چیلنجزکا سامنا ہے، جن کا مقابلہ دونوں ممالک کی سیکیورٹی ایجنسیاں مل کرکر رہی ہیں۔ دونوں صدور نے غزہ پٹی میں اسرائیلی جنگ کے فوری خاتمے اور فلسطینی کازکی غیر مشروط حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی حقوق پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عون نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل لبنان کی ان پانچ حدودی علاقوں سے فوری طور پر دستبردار ہوجائے جہاں وہ 2024 سے قابض ہے اور اس کی جانب سے لبنان پر بار بار ہونے والے حملے جو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، بند کیے جائیں۔ صدر راشد نے لبنان کے ساتھ عراق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ بغداد، 2025 کے اوائل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد لبنان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کو مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔