لبنانی فوج کی مرکزی شاہراہ کو کھلوانے کی کوشش ،فائرنگ میں متعدد افراد زخمی

   

Ferty9 Clinic

حزب اللہ کے جنگجو کا لبنانی سیکیورٹی اہلکار پر لاٹھیوں سے تشدد

بیروت 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) لبنانی فوج نے شمالی شہر طرابلس کو صوبہ عکہ سے ملوانے والی ایک مرکزی شاہراہ کو کھلوانے کی کوشش کے دوران میں فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔العربیہ کے نمایندے نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنانی فوج نے ہفتے کے روز طرابلس شہر کے نزدیک شاہراہ کو کھلوانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی ہے۔ مظاہرین وہاں احتجاج کررہے تھے اور انھوں نے اس مرکزی شاہراہ کو بند کررکھا تھا۔نمایندے نے مزید بتایا ہے کہ تشدد کے اس واقعے کے بعد طرابلس اور عکہ کے درمیان واقع علاقے بداوی میں ہفتے کی شب فوج کی مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔لبنانی انجمن ہلال احمر نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور جائے وقوعہ پر گاڑیاں بھیج دی گئی ہیں۔بداوی میں اس واقعے کے بعد لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہراہ کو بلاک کرنے والے مظاہرین کے ایک گروپ اور وہاں سے گزرنے والے عام شہریوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔کاروں پر سوار ان شہریوں نے وہاں سے گزرنے کی کوشش کی تھی مگر مظاہرین نے انھیں راستہ دینے سے انکار کردیا۔لبنانی فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ فوجیوں نے جب لوگوں کے ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو ان پر پتھراؤ شروع کردیا گیا۔فوجیوں کی جانب آتش گیر مواد بھی پھینکا گیا جس سے پانچ فوجی زخمی ہوگئے۔اس پر فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کا استعمال کیا اور وہاں مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لبنان میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک فوٹیج میں ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ایک جنگجو کو ایک فوجی افسر پرلاٹھی سے حملہ کرتے اور اس کی پٹائی کرتے دکھایا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ کے کارکن کیہاتھوں پٹنے والا اہلکار فوج میں لیفٹننٹ کے عہدے پر تعینات ہے۔یہ واقعہ مظاہرین اور حزب اللہ کی حمایت کرنے والے ایک گروپ کے درمیان جھڑپوں کے دوران پیش آیا۔ عوامی احتجاج روکنے کے لیے فوجی افسر کو اس علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔ حسن نصراللہ نے بعد ازاں اس مقام پر احتجاج کا اعلان واپس لے لیا تھا۔’LBC’ ٹی وی پر نشر فوٹیج میں حزب اللہ جنگجو کی طرف سے فوجی افسر پر حملے کے فوری بعد دیگر سیکورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے فوجی ساتھی کو حزب اللہ کے جنگجوئوں کے چنگل سے بچالیا۔