لبنانی نژاد خاتون فرح دخل اللہ ناٹو کی نئی ترجمان

   

بیروت: نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن(ناٹو) کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے تنظیم کی نئی ترجمان کے طور پر فرح دخل اللہ کو تعینات کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ زیادہ خطرات سے دوچار دنیا میں واضح اور بروقت مواصلات کے علاوہ میڈیا کے ساتھ روابط پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔لبنانی نژاد برطانوی شہری فرح دخل اللہ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں کام کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔انہوں نے اس سے قبل اقوام متحدہ، برطانوی حکومت اور آسٹرازینکا کے علاوہ کئی دیگر میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کیا ہے۔سوشل میڈیا اکاؤنٹ LinkedIn پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فرح نے لکھا ہے کہ اس نازک دور میں ناٹو تنظیم کی ترجمانی اور پریس و میڈیا کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔