ایندھن نہ ہونے کے سبب دو اہم پاورا سٹیشنس بند ہونے سے صورتحال سنگین
بیروت :لبنان میں ایندھن نہ ہونے کے سبب دو اہم پاور سٹیشنوں بند ہونے کی وجہ سے ملک مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق لبنان کو 1850 کے بعد دنیا کے بدترین معاشی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا ہے اور حالیہ مہینوں میں اسے اپنے پاور پلانٹس کے لیے معقول مقدار میں ایندھن کیلئے تیل درآمد کرنے کے سلسلے میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔2019 کے بعد سے اب تک لبنان کی کرنسی میں 90فیصد کمی ہوئی ہے۔بجلی کی بندش کے سبب بیشتر مقامات پر دن میں بمشکل ایک گھنٹہ کے لیے بجلی دستیاب ہے جبکہ پرائیویٹ بیک اپ جنریٹرز کو بجلی فراہم کرنے کیلئے درکار ایندھن کی بھی کمی کا سامنا ہے۔الیکٹریسٹی ڈو لیبان نے ایک بیان میں کہا کہ اندھن کے ختم ہونے کے سبب جمعہ کو دیر امار پاور اسٹیشن سے بجلی کی پیداوار بند ہونے کے بعد آج دوپہر زہرانی پلانٹ بھی بند ہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کے سبب پورا نظام بیٹھ گیا ہے اور فی الحال اس کی فوری طور پر بحالی کا کوئی امکان نہیں ہے۔گذشتہ ہفتہ بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا اور رواں ماہ کے آغاز سے اب تک ملک میں بجلی کے بحران کا دوسرا ایسا واقعہ ہے۔وزارت توانائی کے ایک ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ مسئلے سے نکلنے اور ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔الیکٹریسٹی ڈو لیبان نے کہا کہ ہفتہ کی شام ایندھن کی کھیپ آنے کی توقع ہے اور توقع ہے کہ اگلے ہفتے کے آغاز میں اسے پاور پلانٹس تک پہنچا دیا جائے گا۔ سرکاری بجلی کی کمپنی وقتی طور پر پاور پلانٹس سے ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے فوج کے ایندھن کے ذخائر کا استعمال کرے گی لیکن ایسا بھی جلد ہونے کا امکان نہیں ہے۔
لبنان کے عوام عموماً نجی جنریٹرز پر انحصار کرتے ہیں لیکن ڈیزل کی ترسیل متاثر ہونے سے وہ جنریٹر چلانے سے بھی قاصر ہیں۔بجلی کی بحالی لبنان کی نئی حکومت کو درپیش کئی مسائل میں سے ایک ہے جو 13 ماہ تک جاری رہنے والے سیاسی تنازع کے بعد گزشتہ ماہ ہی تشکیل دی گئی تھی۔حکومت نے ملک میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔لبنان کا جنگ زدہ ملک شام کے ذریعے اردن سے بجلی اور مصری گیس کو ملک میں لانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جبکہ حزب اللہ نے بھی ایران کے راستے ہائیڈرو کاربن کی ترسیل شروع کر دی ہے۔اس کے علاوہ حکومت پڑوسی ملک عراق کے ساتھ تبادلہ معاہدے کے تحت طبی خدمات کے بدلے پاور اسٹیشنوں کے لیے تیل کا ایندھن بھی لانے کی خواہاں ہے۔