بیروت۔ لبنان میں معاشی بحران شدید تر ہو گیا، آٹے کی قلت کی وجہ سے حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ روٹی کیلئے قطاریں لگ گئیں۔ کئی بیکریوں کے باہر شہریوں میں روٹی کے حصول کے لیے لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ مالیاتی بحران کی وجہ سے پچھلے تین سال کے دوران لبنانی کرنسی کی قدر میں 90 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔ وزیر معاشیات امین سلام نے کہا کہ تاجروں کے آٹا چوری کرنے کی وجہ سے روٹی کی قلت پیدا ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی اسمگلنگ بھی ہو رہی ہے اور شامی پناہ گزین ضرورت سے زیادہ آٹا خرید کر شام بھیج رہے ہیں یا بلیک مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے محکمہ مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ سبسڈائزڈ روٹی کی فراہمی کے لیے مختلف بنیادوں پر تفریق کی جا رہی ہے جو تشویشناک بات ہے۔