بیروت ۔ 17 اکٹوبر (ایجنسیز)جمعرات کے روز جنوبی اور مشرقی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ یہ بات لبنانی وزارتِ صحت نے بتائی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ڈھانچوں اور ایک ایسی انجمن کو نشانہ بنایا جسے اس شیعہ تنظیم نے مبینہ طور پر اپنی تنصیبات کی تعمیرِ نو کیلئے آڑ کے طور پر استعمال کیا۔اس سے قبل العربیہ اور الحدث کی نامہ نگار نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی حملوں کے باعث جنوبی لبنان میں چھ افراد زخمی ہوئے۔لبنانی صدر جوزف عون کے مطابق اسرائیل جعلی سکیورٹی وجوہات کے تحت قومی استحکام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ انھوں نے اسرائیل پر پیداواری ڈھانچوں کو تباہ کرنے اور اقتصادی بحالی میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا۔ عون نے جنوبی لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت کوایک منظم پالیسی قرار دیا۔اسی دوران لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے جمعرات کو شہر صیدا کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت تمام لبنانی شہریوں، خصوصاً جنوبی دیہات کے باشندوں کے اپنے گھروں اور بستیوں میں واپسی اور جنگ کے بعد ان کی تعمیرِ نو کے حق کی پابند ہے۔