لبنان میں اسرائیل کے 17 جاسوس نیٹ ورک پکڑے گئے

   

بیروت : اسرائیل نے لبنان کے اندر درپیش خراب معاشی اور اقتصادی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشرے میں در اندازی کی کوشش کی۔یہ کوئی راز کی بات نہیں ہیکہ اسرائیل اپنی ریاست کے قیام کے وقت سے لبنان اور دنیا بھر میں اپنے ایجنٹ متعین کر رہا ہے۔ اسرائیل کی ساکھ یہ بن چکی ہیکہ وہ دنیا کے طاقتور ترین سراغ رساں ادارے رکھتا ہے۔ایک اہم سیکورٹی پیشرفت میں لبنانی وزیر داخلہ نے اسرائیل کے مفاد میں کام کرنے والے جاسوسی کے 17 نیٹ ورک پکڑے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ ان نیٹ ورکوں کا کردار مقامی اور علاقائی سطح پر رہا ہے۔معلومات کے مطابق حراست میں لیے جانے والے جاسوسوں کی تعداد 20 ہے۔ ان کے علاوہ دس مشتبہ افراد کو بھی پکڑا گیا۔ یہ افراد بنت جبیل ، صور ، صیدا ، بیروت ، کسروان اور طرابلس میں بنٹے ہوئے تھے۔لبنانی میڈیا میں زیر گردش معلومات کے مطابق حراست میں لیے گئے بعض جاسوسوں کے تہران نواز ملیشیا حزب اللہ کی مختلف شخصیات کے ساتھ تعلقات اور روابط ہیں۔داخلہ سیکورٹی کے ذرائع نے 2009ء کے بعد اس آپریشن کو اسرائیلی جاسوسوں کے خلاف سب سے بڑی کارروائی قرار دیا ہے۔