بیروت : لبنان میں ایک بد بخت شخص نے مصلے پر نماز ادا کرنے والی اپنی ماں پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا جس کے بعد وہ اسپتال میں دم توڑ گئی۔اس واقعے کی تفصیل سامنے آنے پر عوام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے الشیاح میں ایک نوجوان نے نماز ادا کرنے والی اپنی ہی ماں پر حملہ کردیا۔ حملے میں ماں کی گردن اور سرمیں چوٹیں آئیں اور اس کا جسم خون میں لت پت ہوگیا۔زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ بدبخت بیٹے نے ماں کو زخمی کرنے کے بعد فرار کی کوشش کی مگر مقامی نوجوانوں نے اس کا پیچھا کرکے اسے پکڑ لیا اوراسے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔