بیروت : لبنان میں حزب اللہ جنگجوؤں اورعیسائی شہریو ں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔عرب نیوز کے مطابق بیروت اور دمشق کے درمیان واقع سڑک پر ملیشیا کا ٹرک الٹنے کے بعد فائرنگ ہوئی جس میں حزب اللہ کا ایک رکن جبکہ ایک 60 سالہ شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔ٹیلی ویڑن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں سادہ لباس میں ملبوس افراد کو گلی میں گولیاں برساتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جبکہ قریبی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک کے گرد لبنانی فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک میں موجود کریٹس میں گولہ بارود رکھا ہوا تھا تاہم سرکاری سطح پر اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا گیا۔حزب اللہ نے بعد میں تصدیق کی کہ یہ ٹرک انہیں کا ہے اور اس کی حفاظت کرتے ہوئے ان کا ایک رکن بھی مارا گیا ہے۔ٹرک کے قریب آنے سے روکنے پر لبنانی فوجی جوانوں اور شہریوں کے درمیان تصادم ہوا۔