بیروت : لبنان کے نامزد وزیر اعظم مصطفی ادیب نے غیر جانبدار ماہرین پر مشتمل نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت سازی میں ناکامی کی وجہ ملک کے دو بڑے شیعہ گروپوں حزب اللہ اور امل کی جانب سے وزارت خزانہ سنبھالنے پر اصرار بتائی جا رہی ہے۔ مصطفی ادیب نے لبنانی صدر مشیل عون سے ملاقات کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کیا۔ لبنان کو اس کی تاریخ کے سب سے سنگین اقتصادی بحران کا سامنا ہے۔ اگست میں بیروت کی بندرگاہ میں انتہائی شدید دھماکے بھی ہوئے تھے جن سے شہر کا آدھا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا تھا۔