لبنان میں پیجرز میں دھماکے، 8 ہلاک ، اسرائیلی ہیکنگ کا دعویٰ

,

   

بیروت: لبنان میں حزب اللہ سے وابستہ اراکین کے پیجرز میں منگل کی سہ پہر سلسلہ وار دھماکے ہوئے جن میں 8 افراد ہلاک ہوئے ۔ مہلوکین میں حزب اللہ کے دو ارکان اور ایک لڑکی شامل ہے۔ 2700 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے 200 کی حالت تشویشناک ہے۔ پیجرز کو ہیک کرکے دھماکے سے اُڑادیا گیا ہے۔ اس ہیکنگ کے پیچھے اسرائیل کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ تاہم اسرائیل نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ لبنانی ویب سائٹ کے مطابق ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی پیجر دھماکہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ تنظیم سے وابستہ ایک ہزار سے زائد ارکان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ بھی زخمی ہوئے ہیں لیکن حزب اللہ نے اس کی تردید کی ہے۔ وزارت صحت نے تمام ہاسپٹلس کو ہائی الرٹ رہنے کو کہا ہے۔ ہیلتھ ورکرز سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے ہاسپٹلس میں مدد کے لئے جائیں۔ اطلاعات کے مطابق، جو پیجرز پھٹ گئے وہ حال ہی میں حزب اللہ نے اپنے اراکین کو استعمال کیلئے دیئے تھے۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد حزب اللہ نے اپنے ارکان سے کہا تھا کہ وہ موبائل فون استعمال نہ کریں۔ یہ مشورہ اسرائیل کے ممکنہ حملے سے بچنے کے لیے دیا گیا تھا۔