27 نومبر سے لبنان کے ساتھ اعلان فائر بندی کے بعد اب تک کی گئی خلاف ورزیوں کی تعداد383 ہوگئی
تل ابیب : اسرائیل، لبنان کے ساتھ طے کردہ فائر بندی سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور فائر بندی کے 39 ویں روز اِن خلاف ورزیوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔اسرائیلی فوج کی طرف سے، 27 نومبر سے لبنان کے ساتھ اعلانِ فائر بندی کے بعد سے اب تک کی گئی خلاف ورزیوں کی تعداد 383 تک پہنچ گئی ہے اور ان حملوں میں 33 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو چکے ہیں۔لبنان خبر ایجنسی ‘این این اے’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے فائر بندی کے 39 ویں دن لبنان کے جنوب میں ‘سْر’ اور ‘نباتیہ’ پر حملے کئے ہیں۔اسرائیلی فوجیوں نے راستے بند کر دیئے، کثیر تعداد میں مکانات اور عمارتوں کو تباہ کر دیا اور نیچی پروازوں میں ڈرون اْڑائے۔اقوام متحدہ کی لبنان عبوری امن فورس’UNIFIL’ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے شہر ‘سْر’ سے ملحقہ علاقے لیبونہ میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان پس قدمی لائن کی نشاندہی کے لئے رکھے گئے نیلے بیرل کو تباہ کر دیا اور عبوری امن فورس کے ٹھکانوں کے قریب واقع لبنانی فوج کے کنٹرول ٹاور مسمار کر دیئے ہیں۔اسرائیلی فوج کی طرف سے UNIFIL کے سامان کو اور لبنانی فوج کے کنٹرول ٹاور کو تباہ کیا جانا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 1701 نمبر قانون کی بھی اور بین الاقوامی قانون کی بھی کھْلی خلاف ورزی ہے۔لبنان وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 8 اکتوبر 2023 سے تاحال 1106 عورتوں اور بچوں اور 222 صحت کے عملے سمیت کم از کم 4 ہزار افراد قتل کئے جا چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہے۔واضح رہے کہ 27 نومبر کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فائر بندی سمجھوتے کی دوسری شق میں کہا گیا تھا کہ لبنان حکومت ، حزب اللہ یا پھر لبنان میں موجود دیگر تمام مسلح گروپوں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف کسی بھی آپریشن کا سدّباب کرے گی اور اسرائیل بھی لبنان کے شہری، فوجی یا پھر سرکاری اہداف پر زمین، سمندر یا پھر فضاء سے کسی قسم کا فوجی حملہ نہیں کرے گا۔سمجھوتے کی رْو سے 60 دن کے اندر اندر اسرائیل کے زیرِ قبضہ لبنانی علاقوں میں لبنانی فوجیوں کی مرحلہ وار تعیناتی کی توقع کی جا رہی ہے۔اس وقت تک اسرائیل لبنان کے جنوب میں 2 علاقوں سے پس قدمی کر چْکا ہے۔