بیروت۔ لبنان میں ایندھن کا بحران دن بدن بگڑتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ایندھن کے بحران سے ملک میں صحت اور سلامتی کی صورت حال پر خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔اسی تناظر میں لبنان میں پرائیویٹ اسپتالوں کے سنڈیکیٹ کے سربراہ سلیمان ہارون نے جمعہ کو بتایا کہ 4 اسپتالوں میں دو دن کے اندر ایندھن ختم ہو جائے گا۔ اسپتال سنڈیکیٹ نے خبردار کیا کہ ایندھن کی کمی صحت کے شعبے کے لیے تباہی کا باعث بنے گی لیکن کوئی جواب نہیں دے رہا۔جمعہ کو وزارت توانائی اور پانی کی جانب سے قیمتوں کے سرکاری اعلان کے انتظار میں بیشتر گیس اسٹیشنوں نے اپنے دروازے بند کر دیے جبکہ چند گیس اسٹیشنوں نے جو کام جاری رکھے ہوئے ہیں، پر سینکڑوں کاریں کئی کلومیٹر تک کھڑی دیکھی جاسکتی ہیں۔ لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہیکہ آرمی کمانڈر جوزف عون اور سیکیورٹی سروسز کے کئی قائدین کے درمیان ملاقات میں ملک میں معاشی بحران اور احتجاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں آرمی کمانڈر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکورٹی عباس ابراہیم، ڈائریکٹر جنرل آف اسٹیٹ سیکیورٹی، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل سکیورٹی فورسز عماد عثمان، فوج میں ڈائریکٹر انٹیلی جنس شامل تھے اور دیگر حکام نے شرکت کی۔