بیروت ۔ لبنان اور اسرائیل تکنیکی طور پر اب بھی جنگ کی سی صورتحال میں ہیں۔امریکہ اور اقوام متحدہ کے تعاون سے دونوں ممالک کے مابین سمندری سرحدی مذاکرات اور بات چیت کا دور تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے وفود نے لبنان کے سرحدی قصبے ناقورہ میں اقوام متحدہ کی امن فوجی مرکز پر سخت سیکیورٹی میں ملاقات کی ہے۔کئی برسوں سے جاری خاموش امریکی سفارت کاری کے بعد اکتوبر کے اوائل میں لبنان اور اسرائیل نے کہا تھا کہ واشنگٹن نے تاریخی معاہدے کی حیثیت سے اس بات چیت کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق مذاکرات کے پہلے دو مرحلے 14 اکتوبر اور28 تا 29 اکتوبر کو ہوچکے ہیں۔2011 میں اقوام متحدہ کے پاس درج شدہ نقشے کے مطابق ان مذاکرات کا مقصد 860 مربع کلومیٹر متنازعہ سمندری علاقے پر توجہ کرنا ہے۔