!لبوشن کی مسلسل پیشقدمی کوہلی اور اسمتھ کیلئے خطرہ

   

دبئی ۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی نوجوان بیٹسمین مارنس لبوشین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں نمبر تین پر پہنچ گئے ہیں۔ ان سے آگے اب صرف ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور آسٹریلیائی اسٹیو اسمتھ ہی ہیں۔ ایک سال پہلے تک کوہلی اور اسٹیو اسمتھ کرکٹ کے میدان میں کی گونج سنائی دیتی تھی لیکن اب ان دو کھلاڑیوں کو ٹکر دینے کے لئے ایک اورکھلاڑی آسٹریلیا ئی مارنس لبوشین تیزی سے ابھر رہے ہیں جو کہ آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں 3 نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تازہ درجہ بندی میں ایک مقام کی چھلانگ لگا کر مارنس لبوشین 827 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ لبوشین نے کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کے 814 نشانات ہیں۔ اب لبوشین سے آگے اسٹیو اسمتھ اور ویراٹ کوہلی ہیں۔آج سے ایک سال پہلے تک لبوشین کو ایک اوسط درجہ کا بیٹسمین مانا جاتا تھا۔ آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم میں وہ بطور لیگ اسپنر شامل ہوئے تھے لیکن دائیں ہاتھ کے اس بیٹسمین نے اپنی صلاحیت میدان پر دکھائی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ 8 جنوری 2019 کو لبوشین کی ٹسٹ درجہ بندی 110 تھی۔ اب ٹھیک ایک سال بعد جنوری 2020 کو وہ نمبر 3 پر پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں انہوں نے107 مقام کی ریکارڈ چھلانگ لگائی ہے۔ 5 ٹسٹ کھیلنے کے بعد لبوشین کا مقام95 تھا ۔ اس کے بعد انہیں زخمی اسٹیو اسمتھ کی جگہ ٹیم میں جگہ ملی اورپھر انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کرنہیں دیکھا۔ چھٹے ٹسٹ میں لبوشین کا مقام 82 ہوگیا۔ 7ویں ٹسٹ کے بعد 35 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ 10 ٹسٹ کھیلنے کے بعد لبوشین نے 14 ویں مقام پر قبضہ کرلیا۔ 11 واں ٹسٹ کھیلنے کے بعد ٹاپ 10 میں جگہ بناتے ہوئے 8 ویں نمبر پرخود کو قابض کیا۔ 12 ویں ٹسٹ کے بعد 5 ویں، 13 ویں ٹسٹ کے بعد چٹھے اور 14 ویں ٹسٹ کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔