نئی دہلی۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )14میچز پر مشتمل ٹسٹ کیریئر میں 1459رنز، پاکستان کے خلاف مسلسل دو سنچریاں اور نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری اور ڈبل سنچری بنانے والے مارنس لبوشین کاستارہ عروج پر ہے لیکن وہ دورئہ ہند میں آسٹریلیائی ونڈے ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بے یقینی کا شکار ہیں۔ ونڈے ٹیم میںکپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، پیٹرہینڈزکامب،الیکس کیری بیٹنگ شعبہ بناتے ہیں اگر وہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے تو انہیں روایتی نمبر تین کے بجائے شایدکسی اور مقام پر کھیلنا پڑیگا۔ 22 سالہ بیٹسمین لبوشین نے کہا کہ محدود اوورزکی کرکٹ میں جوکردار بھی ملے گا پورا کرنے کی کوشش کروں گا، خواہش ہے کہ ویراٹ کوہلی، اسٹیون اسمتھ، جو روٹ اور کین ولیمسن کی طرح کھیلوں ، اس کیلئے مستقل مزاجی سے اسکور کرنے کی ضرورت ہے۔