سڈنی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے نوجوان میڈل آرڈر بیٹسمین مارنس لبوشین نے ایک اور شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے وائرس سے پریشان مہمان نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں شروع ہوئے تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن ٹیم کو بہتر موقف میں پہنچایا ہے۔ لبوشین نے 11 ٹسٹ مقابلوں میں چوتھی سنچری اسکور کرلی ہے اور سڈنی ٹسٹ کے پہلے دن آسٹریلیائی ٹیم نے اس سنچری کی بدولت جن کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان کے بعد 283 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ علاوہ ازیں اسٹیو اسمتھ نے 28 ویں ٹسٹ نصف سنچری اسکور کی ہے۔ دن کے اختتام پر میتھیو ویڈ 22 اور لبوشین 130 رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہیں۔ لبوشین نے 210 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر سنچری اسکور کرلی ہے جبکہ اسمتھ نے 182 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیائی ٹیم کی شروعات پھر ایک مرتبہ ناقص ہوئی جیسا کہ اوپنر جیوبرنس 39 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بناکر جس وقت آوٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 39 رنز تھا۔ بعدازاں نیوزی لینڈ کے بولروں نے 95 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کیا جنہوں نے 80 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 45 رنز اسکور کئے۔ ابتدائی نقصانا ت کے بعد اسمتھ اور لبوشین کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 156 رنز کی شاندار پارٹنر شپ بنی لیکن اس پارٹنر شپ کو گرانڈ ہوم نے مقابلہ کی اپنی دوسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے توڑا جیسا کہ انہوں نے اسمتھ کو ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔ نیوزی لینڈ کیلئے گرانڈ ہوم کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 63 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ویگنر نے گرانڈ ہوم کے ہاتھوں وارنر کو کیچ آوٹ کروایا ۔ رواں ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کو بیمار کپتان کین ولیمسن کی خدمات دستیاب نہیں ہیں۔