لبوشین کی سنچری رائیگاں ، آسٹریلیا کا صفایا

   

پوشفسٹروم ۔9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے مارنس لبوشین کی عمدہ سنچری کے باوجود آسٹریلیا کو تیسرے ونڈے میچ میں باآسانی6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ پوشفسٹروم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کوبیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنر ڈیوڈ وارنرصرف 4 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسٹیون اسمتھ اورایرون فنچ نے اسکورکو43 تک پہنچا دیالیکن 55 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس مرحلے پر مارنس لبوشین کا ساتھ دینے ڈی آر سی شارٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 81رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد شارٹ 36 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔ لبوشین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسراسرا سنبھالے رکھا اور مچل مارش کے ساتھ مل کر اسکور کو مزید 189تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر آسٹریلیاکو دہرا نقصان اٹھانا پڑا جب 32 رنز بنانے والے مچل مارش کے بعد ایلکس کیری بھی کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ لبوشین نے 8 چوکوں کی مدد سے 108رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے ۔