لبوشین کی ڈبل سنچری ، آسٹریلیا کا مستحکم موقف

   

Ferty9 Clinic

سڈنی۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ پانچ ٹسٹ مقابلوں میں چار سنچریاں اسکور کرنے والے آسٹریلیا کے نوجوان بیٹسمین مارنس لبوشین نے شاندار کارکردگی کو دوہری خوشی میں تبدیل کرتے ہوئے اپنے کریر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرلی ہے۔ لبوشین نے 363 گیندوں میں 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 215 اسکور کئے جس کی بدولت آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 454 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بھی محتاط لیکن بہتر شروعات کرتے ہوئے بغیر کسی وکٹ کے 63 رنز بنالئے ہیں۔ گزشتہ مقابلے میں سنچری اسکور کرنے والے بلنڈل نے 93 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 34 اور ساتھی اوپنر لیتھم جوکہ اس مقابلے میں بیمار کین ولیمن سن کے مقام پر قیادت کررہے ہیں، انہوں نے 81 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنالئے ہیں۔ آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 283/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا ۔ آسٹریلیا کے لئے لبوشین اصل ہیرو ثابت ہوئے جبکہ دوسرے سرے کپتان ٹم پین نے آج سب سے زیادہ 35 رنز اسکور کئے۔ نیوز ی لینڈ کے ویگنر نے 66 رنز کے عوض 3 جبکہ گرینڈ ہوم نے 78 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایسٹل نے لبوشین کے علاوہ پیاٹ کمنس کی وکٹ بھی حاصل کی۔