نئی دہلی، 28 ستمبر (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیتشاہ نے افسانوی گلوکارہ لتا منگیشکر کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور ہندوستانی موسیقی اور ثقافت میں ان کی انمول شراکت کو یاد کیا۔ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پر کہاکہ “میں لتا منگیشکر جی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ کروڑوں ہندوستانیوں کی ایک محبوب میوزک آئیکون، جنہوں نے اپنی آواز کے ذریعہ ہندوستانی موسیقی کو ایک نئی شناخت دی۔اس موقع پر لتا منگیشکر کے ساتھ اپنی تصویریں شیئر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ان کے ساتھ اپنی ذاتی بات چیت کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ لتا دیدی کی آواز میں سادگی، استحکام اور ایک روحانی خوبی تھی جس نے ہر سننے والے کو مسحور کر لیا تھا۔ جب بھی مجھے ان سے ملنے کا موقع ملتا، ہم موسیقی اور فن پر طویل گفتگو کرتے ۔اپنی منفرد استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے امیت شاہ نے مختلف زبانوں اور بولیوں میں ہندوستانی موسیقی کو مالا مال کرنے پر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ “لتا دیدی، جنہوں نے اپنی جادوئی آواز سے کئی زبانوں اور بولیوں کی موسیقی کو مالا مال کیا، اپنے گانوں کے ذریعے ہمیشہ لاکھوں لوگوں کے دلوں میں رہیں گی۔