لداخ میں چین کی دوبارہ اشتعال انگیز فوجی حرکتیں: انڈین آرمی

   

نئی دہلی : ہندوستان نے آج کہا کہ چین نے گزشتہ تین دنوں میں متنازعہ سرحد کے پاس کی صورتحال میں تبدیلی لانے کیلئے تین مرتبہ اشتعال انگیز کوششیں کی ہیں۔ حالانکہ دونوں طرف کی ملٹری قیادت کشیدگی کو دور کرنے مذاکرات میں مصروف ہے۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ 29 اور 30 اگست کو رات دیر گئے پیانگ گانگ جھیل کے ساؤتھ بینک علاقہ میں موجودہ صورتحال کو اپنے حق میں تبدیل کرنے کیلئے ملٹری کے ذریعہ اشتعال انگیز کوششوں میں ملوث ہوا ہے۔ انڈین آرمی نے ان اشتعال انگیز حرکتوں کا جواب دیا اور ایل اے سی (حقیقی خط قبضہ) کے پاس مناسب دفاعی اقدامات کئے ہیں تاکہ ہمارے مفادات کا تحفظ ہوسکے اور علاقائی سالمیت برقرار رہے۔ سریواستو نے بتایا کہ پیر 31 اگست کو بھی چینی دستوں نے پھر ایک بار اشتعال انگیزی کی ۔ تاہم بروقت دفاعی کارروائی کے سبب ہندوستانی فوج علاقہ میں جوں کا توں موقف بدلنے کی یکطرفہ چینی کوششوں کو ناکام بنادیا۔ ہندوستان نے حالیہ اشتعال انگیزی اور جارحانہ حرکتوں کا معاملہ سفارتی اور ملٹری چیانلس کے ذریعہ بیجنگ کے پاس اٹھایا ہے۔ ’’ہمیں توقع ہے چین سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرے گا‘‘۔