لداخ میں ہندوستانی و چینی فوجیوں میں تصادم

   

دونوں ملکوں کے مابین بات چیت کے بعد مسئلہ حل کرلیا گیا ۔ فوجی ذرائع کا بیان

نئی دہلی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اور چینی سپاہیوں کے مابین مشرقی لداخ میں پنگونگ جھیل کے کنارے تصادم پیدا ہوگیا تھا تاہم اس مسئلہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرلیا گیا ہے ۔ فوجی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ذرائع نے آج بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہندوستانی سپاہیوں نے ‘ جو اس علاقہ میں پٹرولنگ کر رہے تھے ‘ وہاں ان کی موجودگی پر چین کے اعتراض کو خاطر میں نہیں لایا ۔ اس جھگڑے کے بعد دونوں طرف سے وہاں اضافی دستے طلب کرلئے گئے تھے تاہم اس مسئلہ کو دونوں کے مابین وفود کی سطح کی بات چیت میں حل کرلیا گیا ہے ۔ مشرقی لداخ میں واقع اس جھیل کے دو تہائی حصے پر چین کا کنٹرول ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ چہارشنبہ کو پیش آیا تھا ۔ دونوں فریقین کے مابین بات چیت کے بعد تصادم پوری طرح ختم ہوگیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ اس لئے پیش آیا کیونکہ دونوں ملکوں کے مابین لائین آف کنٹرول کے تعلق سے مختلف تاثر پایا جاتا تھا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس طرح کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ایک طئے شدہ طریقہ کار موجود ہے ۔ ہندوستان اور چین کے مابین تقریبا 4,000 کیلومیٹر کی سرحد ہے ۔ ہندوستان اور چین کی افواج کے مابین 2017 میں ڈوکلم میں آمنا سامنا ہوگیا تھا جب ہندوستان نے وہاں ایک روڈ کی تعمیر پر اعتراض کیا تھا ۔ چین کی فوج یہ سڑک تعمیر کر رہی تھی ۔ بھوٹان اور چین کے مابین ڈوکلم پر تنازعہ ہے ۔