سری نگر، 26 ستمبر (یو این آئی) بی جے پی کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمان جمینگ سیرنگ نامگیال نے مرکزکے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیہہ میں پیش آنے والے پر تشدد واقعے ، جس میں چار افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ، کی غیر جانبدار، شفاف اور وقت مقررہ کے اندر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لداخ ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ سابق رکن پارلیمان نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے تمام فریقین کے ساتھ با اعتماد مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ جو معاملہ ایک پر امن جمہوری اظہار رائے کے طور پر شروع ہوا تھا وہ تشدد کا رخ اختیار کر گیا اور نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے عوامی اعتماد مجروح ہوگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں تشدد اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتا ہوں لیکن یہ بحران تحمل اور برد باری سے بہتر طریقے سے نمٹایا جا سکتا تھا۔ بی جے پی لیڈر اپنے خط میں لکھتے ہیں کہ لداخ کی عوام امن، انصاف اور احتساب کے مطالبے پر متحد ہیں اور میں لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے امن کی اپیلوں اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے ارکان سے 6 اکتوبر کو مجوزہ ملاقات سے قبل بات چیت کے اقدام کی سراہنا کرتا ہوں۔ انہوں نے خط میں لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کی غیر جانبدار، شفاف اور مقررہ وقت کے اندر عدالتی تحقیقات کا حکم دیں، مہلوکین کے اہلخانہ کو معاوضہ فراہم کریں، زخمیوں کے لئے مفت اور جدید طبی سہولیات مہیا کریں اور متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی مشاورت اور روزگار کی معاونت فراہم کریں۔
انہوں نے ایک بااعتماد مذاکراتی عمل پر بھی زور دیا تاکہ تمام فریقین کو سنا جائے ۔