لدھیانہ: لدھیانہ کے فوکل پوائنٹ کی بہاری کالونی میں ہولی کے موقع پر ایک مسجد کے قریب پتھراؤ کے بعد دو گروپوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی۔ اس واقعے میں 10 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہولی کی تقریبات کے دوران ڈی جے پر میوزک بجانے پر دو گروپوں میں تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر اینٹیں، پتھر اور بوتلیں پھینکیں، جس سے کئی لوگ زخمی ہو گئے اور کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کر لیا۔ اے ڈی سی پی پربھجوت سنگھ نے بتایا کہ دو افراد جو باہر سے کام کے لیے آئے تھے، نشے کی حالت میں پتھراؤ کرنے لگے، جس کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ پولیس نے سات افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واقعہ کے بعد مسلم کمیونٹی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس پی ایس ورک نے بتایا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حالات قابو میں ہیں