لدھیانہ کورٹ دھماکہ سے منسلک ایک شخص کو جرمنی سے کیا گیا گرفتار : رپورٹ

   

نئی دہلی: لدھیانہ کورٹ دھماکہ معاملے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں دہشت گرد گروپ سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے ) کے ایک سرکردہ رکن جسوندر سنگھ ملتانی کو پیر کے روز جرمنی میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پاکستان اور جرمنی میں رہنے والے دو مشتبہ افراد کے نام سامنے آئے ہیں، دونوں کا تعلق کالعدم سکھ تنظیموں سے ہے۔سکھ فار جسٹس ایک دہشت گرد گروپ ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پاکستان میں رہنے والے ببر خالصہ کے دہشت گرد ہرویندر سنگھ سندھو اور ایس ایف جے کے ایک اعلیٰ رکن اور گروپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی جسوندر سنگھ ملتانی کے بارے میں معلومات دی تھیں۔سفارتی رابطہ کاری کے بعد جرمن پولیس نے ملتانی کو پنجاب میں لدھیانہ دھماکے اور نئی دہلی سمیت دیگر شہروں میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایئرفرٹ شہر سے گرفتار کیا۔ملتانی سے پوچھ گچھ کے لیے ہندوستانی پولیس افسران کی ٹیم جلد جرمنی پہنچے گی۔ ملتانی کا نام پولیس کے ریڈار پر اس وقت آیا جب اس نے کسانوں کی تحریک کے دوران بدامنی پھیلانے پر کسان رہنما بلبیر سنگھ راجیوال کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔گرفتار شخص نے انکشاف کیا تھا کہ اسے جرمنی میں مقیم خالصتان کے حامی رہنما ملتانی سے سوشل میڈیا پر معروف کسان رہنما کو نشانہ بنانے کی ہدایات موصول ہوئی تھیں۔