بی جے پی کا جھوٹا پروپگنڈہ، دہلی میں دھرنے سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے وضاحت کی ہے کہ نیرو مودی اور للت مودی کا تعلق پسماندہ طبقات سے نہیں ہے جیسا کہ بی جے پی کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے مودی صنعت کاروں کو پسماندہ طبقات سے جوڑتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے ہمدردی حاصل کرنے کی کوششوں کی مذمت کی۔ اتم کمار ریڈی نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر بی سی ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ دھرنے سے خطاب کیا۔ اسوسی ایشن کے ریاستی صدر جے سرینواس گوڑ نے دھرنے کی قیادت کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پنجاب نیشنل بینک کو 14 ہزار کروڑ کا دھوکہ دینے والے نیرو مودی اور ہندوستانی کرکٹ شائقین سے ہزاروں کروڑ لوٹنے والے للت مودی ملک سے فرار ہوکر یوروپ میں پرتعیش زندگی بسر کررہے ہیں۔ بی جے پی نے ان کے خلاف کبھی مہم نہیں چلائی بلکہ انہیں بی سی طبقہ سے وابستہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ملک میں بی سی طبقہ کی مردم شماری کے مطالبہ کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی اس مطالبہ کے حق میں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر نریندر مودی پسماندہ طبقات کی بھلائی کے حق میں ہیں تو پھر انہیں مردم شماری کا فیصلہ کرنا چاہیئے۔ پسماندہ طبقات گذشتہ کئی برسوں سے جدوجہد کررہے ہیں۔ وہ ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کی طرح مرکز میں علحدہ وزارت کی مانگ کررہے ہیں۔ بی سی تحفظات میں کریمی لیئر کی برخواستگی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور روزگار میں بی سی طبقہ کو آبادی کے اعتبار سے تحفظات فراہم کئے جائیں۔ سابق کانگریس حکومت نے متحدہ آندھرا پردیش میں بی سی طبقہ کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے تھے۔ر